ڈائریکٹر زراعت (توسیع) راولپنڈی ڈویژن شاہد افتخار بخاری صاحب نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اٹک ڈاکٹر محمد جاوید کے دفتر میں ضلع اٹک کی زرعی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک اہم پروگریس ریویو اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز زراعت، زراعت افسران اور انٹرنز نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں سے گندم اور دیگر فصلوں کو نمایاں فائدہ پہنچا ہے اور مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔ ڈائریکٹر زراعت نے فیلڈ فورس کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو بروقت فنی رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔
گندم کے ضلعی پیداواری مقابلہ برائے 2025-26 کے تحت اب تک 155 پلاٹس کا ویژول معائنہ مکمل کیا جا چکا ہے۔ اس مقابلے کا مقصد کاشتکاروں کو ترغیب دینا ہے کہ وہ جدید زرعی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے اپنے وسائل کا بہترین استعمال کریں اور فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کریں۔
اجلاس میں ہائی پاور ٹریکٹر پروگرام فیز-II اور لو پاور ٹریکٹر پروگرام فیز-III کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اب تک ہائی پاور ٹریکٹر سکیم کے تحت 120 جبکہ لو پاور ٹریکٹر سکیم فیز-III کے تحت 39 کاشتکار اپنی شراکت جمع کروا چکے ہیں۔ ان سکیموں کا مقصد سبسڈی کے ذریعے کاشتکاروں کو بااختیار بنانا، زرعی میکانائزیشن کو فروغ دینا اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے باقی کیسز جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
سبزیوں کے بیج کٹس کی تقسیم، کھاد کی دستیابی اور ضلع میں قائم ماڈل فارمز کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو مؤثر نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
بعد ازاں بائیو کنٹرول لیبارٹری اٹک کی سرگرمیوں اور جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا گیا۔ ایس ڈی او بلڈنگ کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے تعمیراتی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کام کی رفتار کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔ اسی طرح موڈرن ایگریکلچر مال کے قیام سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر زرعی انٹرنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ روزانہ فیلڈ سرگرمیوں کے ذریعے کاشتکاروں کی مؤثر رہنمائی کو یقینی بنائیں۔
اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ ضلع اٹک میں جاری تمام زرعی ترقیاتی پروگرامز کو مقررہ اہداف کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے گا۔ ہم سب مل کر بروقت رہنمائی کے ذریعے اپنے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ پیداوار ہو۔