ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کی ہدایات پر ضلع اٹک میں مجوزہ الیکٹرک بس سروس کے روٹس اور بس اسٹاپس کے جائزے کے سلسلہ میں حضرو روٹ پر حاجی شاہ ہٹیاں کے مقام کا دورہ کیا گیا۔ دورے کا مقصد مجوزہ الیکٹرک بس سروس کے لیے بس اسٹاپس کے مقامات، جاری تعمیراتی کام اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لینا تھا تاکہ شہریوں کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اٹک سردار افتاب احمد خان، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اٹک سردار ظہیر احمد خان اور انجینئر خرم سی اوضلع کونسل کےنمائندے پر مشتمل کمیٹی نے متعلقہ مقامات کا معائنہ کیا۔کمیٹی کے ارکان نے حضرو روٹ پر مختلف مقامات پر قائم کیے جانے والے بس اسٹاپس کی مجوزہ لوکیشنز اور جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام مراحل کو مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد جدید سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
اس موقع پر افسران نے اس امر پر زور دیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ الیکٹرک بس سروس کے آغاز سے نہ صرف شہریوں کو آرام دہ سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔افسران نے مزید کہا کہ بس اسٹاپس کی تعمیر اور روٹس کی منصوبہ بندی میں مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر، محفوظ اور بااعتماد ٹرانسپورٹ نظام فراہم کیا جا سکے۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کر رہے ہیں۔