کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے زیر اہتمام ہونے والے امتحانات میٹرک (پہلا سالانہ ) 2026 کے جائزہ کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ 27 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات کے انتظامات کو ختمی شکل دی جائے۔ امتحانات کے دوران سخت نگرانی اور مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے، تاکہ میرٹ کو برقرار رکھا جا سکے اور ہر طالب علم کی محنت کا تحفظ ممکن ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز و متعلقہ ڈویژنل ہیڈز اپنے اپنے دائرہ کار میں موجود بورڈ کے امتحانی مراکز کا دورہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز پر انتظامات کا جائزہ اورنگران عملہ کی ورکنگ کی بھی پڑتال کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شفاف امتحانات کے انعقاد میں ضلعی انتظامیہ تعلیمی بورڈز کو بھرپور سپورٹ کرے اور کہیں پر بھی کوئی بے ضابطگی رپورٹ ہونے کی صورت میں فوری کاروائی اور متعلقہ افرارد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔
انجینئر عامر خٹک نے کہاکہ طلباو طالبات کو پُرسکون ماحول دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہماری کو شش ہے کہ ہر طالب علم کو اس یقین سے کمرہ امتحان میں داخل ہوکہ اس کی محنت کو پھل کوئی دوسر شخص کسی بے ایمانی کے ذریعے نہیں چرا سکے گا۔ اس یقین کو قائم کرنے کے لئے امتحانی مراکز میں نقل اور غیرمتعلقہ افراد کی مداخلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر راولپنڈی نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنرز، چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن (CEOs Education) کے ذریعے امتحانی مراکز میں تعینات تمام نگران عملے کی حاضری یقینی بنائیں گے۔ غیر حاضری کی صورت میں متبادل کے طور پر اساتذہ کا ایک پینل تیار رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ امتحانی ڈیوٹی سے بلا جواز غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اس اجلاس میں کنٹرولر ایگزام تنویر اصغر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن زینیا ہمایوں، ایڈیشنل کمشنر منصور احمد خان، سی ای او ایجوکیشن ،ڈائریکٹر کالجز کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اٹک، جہلم ، مری اور چکوال نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔