وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ضلع اٹک میں عوام کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے الیکٹرک بس سروس کے آغاز کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید، چیف آفیسر بلدیہ اٹک سردار آفتاب احمد خان اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سردار ظہیر احمد خان نے مجوزہ الیکٹرک بس سروس کے روٹس اور بس اسٹاپس کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران افسران نے مختلف مقامات کا جائزہ لیا اور بسوں کے روٹس، بس اسٹاپس کی لوکیشنز، ٹریفک کے بہاؤ اور مسافروں کی سہولت کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر کہا گیا کہ الیکٹرک بس سروس کے آغاز سے شہریوں کو جدید، آرام دہ اور محفوظ سفری سہولت میسر آئے گی جبکہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔افسران نے اس بات پر زور دیا کہ بس اسٹاپس کی نشاندہی ایسے مقامات پر کی جائے جہاں سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے اور ٹریفک کے نظام میں بھی کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع کی طرح ضلع اٹک میں بھی جدید ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف شہریوں کے سفر میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ ضلع میں ترقی اور جدید سہولیات کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔متعلقہ حکام کے مطابق مستقبل قریب میں الیکٹرک بسیں ضلع اٹک میں عوامی سہولت کے لیے باقاعدہ طور پر چلنا شروع ہو جائیں گی جس سے شہریوں کو معیاری اور بااعتماد ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آئے گی۔