ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں امسال ضلع اٹک میں رمضان بازاروں کا نہایت منظم، شفاف اور عوام دوست انداز میں انعقاد کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو معیاری اشیائے ضروریہ ارزاں نرخوں پر باآسانی دستیاب ہوں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار رمضان بازار اٹک کے تفصیلی دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اٹک انیل سعید، اسسٹنٹ کمشنراٹک عارف قریشی،چیف آفیسر بلدیہ اٹک سردار آفتاب احمد خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ضیاء ستی، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار میں قائم آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں، پھل، گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ کے سٹالوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے نرخ نامے چیک کیے، اشیاء کے معیار کا جائزہ لیا اور خریداروں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں نے رمضان بازار میں مناسب قیمتوں اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔راؤ عاطف رضا نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران کسی بھی صورت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام اشیاء حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں اور معیار کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں کا مقصد عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے، اس لیے انتظامیہ عوامی سہولت کے تمام تقاضے پورے کرے گی۔ صفائی ستھرائی، سکیورٹی، پینے کے صاف پانی اور سایہ دار جگہوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ شہری سکون اور اطمینان کے ساتھ خریداری کر سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس باقاعدگی سے فیلڈ میں موجود رہ کر نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر کوئی دکاندار سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرے تو فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پنجاب کی پالیسی کے مطابق رمضان المبارک میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا اور کسی کو بھی ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔