تفصیلات کے مطابق اٹک کے قریب باغ نیلاب کے مقام پر دریائے سندھ میں 33 سالہ ماجد علی شاہ ولد ساجد علی شاہ اچانک گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب گیا۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اٹک کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ موقع پر پہنچنے کے بعد معلوم ہوا کہ یہ علاقہ خیبر پختونخوا کے علاقے نظام پور کی حدود میں آتا ہے اور مذکورہ شخص دریا کے اسی کنارے پر ڈوبا ہے۔
ریسکیو 1122 اٹک نے فوری طور پر خیبر پختونخوا کی ریسکیو ٹیموں سے رابطہ کیا، جس پر ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ دونوں اداروں نے مشترکہ طور پر ریکی ٹیکنیک اور سکوبا ڈائیونگ ٹیکنیک کے ذریعے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
غوطہ خوروں نے دریا کے مختلف حصوں میں تلاش کا عمل جاری رکھا، تاہم آخری اطلاعات تک لاش برآمد نہ ہو سکی۔ ریسکیو حکام کے مطابق مشترکہ سرچ آپریشن بدستور جاری ہے اور قریبی علاقوں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ دریا اور گہرے پانی میں نہاتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔