چنیوٹ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر فیصل آباد ڈویژن کے کمشنر راجہ جہانگیر انور نے چنیوٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ستھرا پنجاب کے ٹھیکیدار پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ متعدد مقامات پر غیر تسلی بخش صفائی پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اصلاحِ احوال کی ہدایات جاری کی گئیں۔
کمشنر نے جھمرہ اور لاہور روڈ کا دورہ کیا اور سیوریج زدہ جوہڑوں و تالابوں کو ڈی واٹر کرنے کے جاری عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں سیوریج کے پانی سے بننے والے جوہڑوں اور تالابوں کی نکاسی کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں اور اب تک 120 سے زائد مقامات کو خشک کر کے محفوظ بنایا جا چکا ہے۔ موقع پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی کو سخت کارروائی کا حکم دیا گیا۔ کمشنر نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور آئندہ ایک ماہ میں ڈویژن بھر کے تمام سیوریج زدہ تالاب خشک کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب روزانہ کی بنیاد پر اس حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لے رہی ہیں۔

کمشنر نے محلہ غفورآباد کا دورہ کر کے سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن پر بریفنگ لی اور واسا، میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کو ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل یکجا کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اندرونی علاقوں میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن ترجیح ہے اور غفورآباد میں ڈسپوزل کے قیام سے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔
بعد ازاں کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چنیوٹ کا اچانک دورہ کیا، جہاں ادویات کی دستیابی، صفائی کے معیار، واش رومز میں صفائی اور پانی کی فراہمی، ادویات اسٹور اور مشینری کی فعالیت کا معائنہ کیا۔ مریضوں کے لواحقین سے ملاقات کے دوران انتظار گاہ میں معیاری سہولتوں پر اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ کو شاباش دی۔
کمشنر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ کے تحت چنیوٹ کی مشہور فرنیچر مارکیٹ کو پیڈسٹرین بنانے کے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ تاجروں سے ملاقات کے دوران پارکنگ کے انتظامات، پیدل چلنے والوں کی سہولت اور مشاورتی عمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ بلند و بالا عمارات میں فائر سیفٹی انتظامات کا باریک بینی سے معائنہ کرتے ہوئے آگ بجھانے والے آلات، ہنگامی راستوں اور نظام کی فعالیت چیک کی گئی۔ ریسکیو 1122 کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ فائر سیفٹی آڈٹ جاری ہے اور مطلوبہ انتظامات مکمل نہ کرنے والوں کو کاروبار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آخر میں کمشنر نے چنیوٹ چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور انتظامیہ و فرنیچر مارکیٹ ایسوسی ایشن کو عالمی معیار کی فرنیچر نمائش کے انعقاد کا ٹاسک دیا، جس میں غیر ملکی خریداروں سمیت کاروباری شخصیات اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا۔
دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل واثق عباس اور اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ اشفاق رسول سمیت دیگر افسران بھی کمشنر کے ہمراہ تھے۔