پاراچنار: ایم این اے انجینئر حمید حسین کی 8 فروری کو آئین و قانون کی بالادستی کے لیے بھرپور احتجاج میں شرکت کی اپیل
پاراچنار— ضلع کرم سے منتخب رکنِ قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 8 فروری کو مرد و خواتین گھروں سے نکل کر اپنی آئندہ نسلوں اور ملکِ خداداد پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے آواز بلند کریں۔
صدہ میں پارٹی ورکرز اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر حمید حسین نے کہا کہ عمران خان اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے قید میں ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان محض ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک نظریے کا نام ہیں۔ انجینئر حمید حسین نے کہا کہ ملک میں بسنے والے عوام، بالخصوص تحریک انصاف، مجلس وحدت المسلمین اور تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کی حمایت کرنے والی دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو چاہیے کہ وہ 8 فروری کو کاروبار بند کر کے ملکی سطح پر احتجاج میں شریک ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پُرامن جدوجہد کا مقصد ملک سے لاقانونیت، بدعنوانی اور فسطائیت کا خاتمہ اور آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔