اسلام آباد ترلائی کلاں خودکش دھماکہ: تلہ گنگ کے عابس مہدی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید، نمازِ جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت
اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں ہونے والے خودکش دھماکے میں تلہ گنگ سے تعلق رکھنے والے رکن شیعہ رہبر کمیٹی اور شیعہ علماء کونسل تلہ گنگ کے صدر علامہ محمد امین حیدری کے صاحبزادے عابس مہدی شدید زخمی ہو گئے تھے، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
شہید عابس مہدی اسلام آباد کی ہمدرد یونیورسٹی میں بی ایس کے طالبعلم تھے اور نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے ترلائی کلاں آئے ہوئے تھے کہ دہشت گردی کا یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
شہید کی نمازِ جنازہ ہفتہ کی شب رات 8 بجے شیعہ عیدگاہ تلہ گنگ میں ادا کی گئی، جس میں ہزاروں سوگوار افراد نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہید کو لبیک یا حسینؑ کی صداؤں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
قبل ازیں جب شہید کی میت تلہ گنگ پہنچی تو فضا سوگوار ہو گئی، شہریوں نے میت پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں جبکہ نمازِ جنازہ کے موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ عابس مہدی کی شہادت پر تلہ گنگ کی فضا رنج و غم میں ڈوبی رہی اور شہریوں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ذمہ داران کو فوری طور پر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔