تحصیل حضرو کے گاؤں خگوانگوانی میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک مکان کے کمرے کی کچی چھت منہدم ہو گئی۔ حادثے کے باعث 9 افراد زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق اچانک ہونے والے دھماکے سے گھر میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے، جنہیں اہلِ محلہ نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال حضرو منتقل کیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تاہم تمام زخمی پہلے ہی ہسپتال منتقل کیے جا چکے تھے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
زخمیوں میں 50 سالہ قدیر، 55 سالہ حبیب، 10 سالہ حامد، 23 سالہ ربیع اللہ، 45 سالہ طاہوس، 15 سالہ عبداللہ، 13 سالہ ذبیح اللہ، 13 سالہ محب اور 17 سالہ احسن شامل ہیں۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں