اوکاڑہ:
اوکاڑہ میں شہریوں کو گوشت کے نام پر حرام اور مضرِ صحت خوراک کھلانے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بھرپور اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے سہولت بازار میں دو مختلف مقامات پر چھاپے مار کر بھاری مقدار میں مردہ مرغیاں اور ناقابلِ استعمال گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران 25 من مردہ مرغیاں اور ساڑھے تین من گائے و بکرے کا مضرِ صحت گوشت برآمد ہوا، جسے موقع پر ہی ضابطے کے مطابق تلف کر دیا گیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ اے ڈویژن اوکاڑہ میں مقدمات درج کر لیے گئے، جبکہ سپلائی میں استعمال ہونے والا لوڈر رکشہ اور موٹر سائیکل بھی ضبط کر لی گئی۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق برآمد کی گئی مردہ مرغیاں اور مضرِ صحت گوشت اوکاڑہ شہر اور اس کے گردونواح میں سپلائی کیا جانا تھا۔ ویٹرنری ڈاکٹر کی تصدیق کے مطابق گائے اور بکرے کا گوشت انسانی استعمال کے قابل نہیں تھا، جبکہ مردہ مرغیاں مختلف فاسٹ فوڈ اور شوارما پوائنٹس پر فراہم کی جانی تھیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ شہریوں کو گوشت کے نام پر حرام اور ناقص خوراک کھلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔