گھوٹکی
بلوچستان کے علاقے نوشکی میں نامعلوم دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں سندھ کے ضلع گھوٹکی سے تعلق رکھنے والے چار مزدور جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے افراد اوباڑو کے علاقے مرید شاخ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں، جو روزگار کے سلسلے میں بلوچستان گئے ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق مزدوروں کی شناخت سجاد، عباس، کامران اور شہزادہ کونڈری کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا اور علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔
ورثاء کا کہنا ہے کہ علاقے میں خراب امن و امان کی صورتحال کے باعث تاحال لاشیں ان کے حوالے نہیں کی جا سکیں، جس کے سبب شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اہلِ خانہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہداء کی لاشیں جلد از جلد آبائی گاؤں منتقل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب مقامی ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم تاحال کسی گروہ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔