جامشورو / سیہون شریف:
حضرت سید عثمان مروندی المعروف حضرت لعل شہباز قلندر رحمۃ اللہ علیہ کا 774واں سالانہ عرس کل سے سیہون شریف میں شروع ہو رہا ہے، جس کے لیے ملک بھر سمیت بیرونِ ممالک سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ انتظامیہ کے مطابق عرس کے موقع پر 30 لاکھ سے زائد زائرین کی آمد متوقع ہے۔
عرس کی تقریبات کے پیشِ نظر سیہون شریف اور گردونواح میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ شہر اور مزار کے اطراف 320 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جو ہر وقت زائرین اور مجموعی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ سیکیورٹی انتظامات کے لیے 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار جبکہ 300 رینجرز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جب کہ داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق زائرین کی سہولت کے لیے لنگر، میڈیکل کیمپس، ایمبولینس سروس، صفائی، پینے کے پانی اور رہائش کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
عرس کے دوران مزارِ قلندر پر دھمال، ذکر، نعت خوانی اور خصوصی دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں زائرین ملک کی سلامتی، خوشحالی اور امن کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں نے زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں، تاکہ عرس کی تقریبات پرامن اور خوش اسلوبی سے مکمل کی جا سکیں۔