اٹک / پنڈیگھیب:
اٹک پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 24 سالہ معذور لڑکی سے زیادتی میں ملوث درندہ صفت ملزم کو قلیل وقت میں گرفتار کر لیا، جبکہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق مورخہ 29 جنوری 2026 کو متاثرہ لڑکی کے والد نے تھانہ پنڈیگھیب میں درخواست دی کہ ان کی بیٹی، جس کی عمر تقریباً 24 سال ہے اور جو معذور بھی ہے، گزشتہ چند دنوں سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔ والدہ کے استفسار پر متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل، جب اہلِ خانہ واہ فیکٹری گئے ہوئے تھے اور وہ گھر میں اکیلی تھی، تو مسمیٰ محمد اکرم زبردستی گھر میں داخل ہوا اور اسے تنہا پا کر اس کے ساتھ زیادتی کی۔
متاثرہ لڑکی کے مطابق ملزم نے واقعے کے بعد اسے سنگین نتائج اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں، جس کے باعث وہ خوف کے تحت خاموش رہی۔
درخواست موصول ہونے پر تھانہ پنڈیگھیب پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرتے ہوئے نامزد ملزم محمد اکرم ولد خان محمد، سکنہ امن پور، تحصیل پنڈیگھیب کو قلیل وقت میں گرفتار کر لیا اور واقعے کی مکمل تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اٹک پولیس کے ترجمان کے مطابق متاثرہ لڑکی کو ہر ممکن قانونی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے اور ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دلوائی جائے گی۔