ڈیرہ غازی خان. نجی ہسپتال میں خاتون کی مبینہ غلط آپریشن سے ہلاکت، وزیرِاعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا، نجی ہسپتال سیل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کر لی،
ڈیرہ غازیخان میں ایک نجی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث زچگی آپریشن میں غلط رگ کٹنے سے 27 سالہ خاتون مہوش شعیب جاں بحق ہو گئی،واقعے کے بعد متوفیہ کے ورثاء نے ہسپتال کے سامنے شدید احتجاج کیا،اطلاع ملنے پر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور نجی ہسپتال کو سیل کر دیا گیا،ورثاء کے مطابق ہسپتال میں لیڈی سرجن کے بجائے مبینہ طور پر ایک ڈینٹل ڈاکٹر نے گائنی آپریشن کیا آپریشن کے دوران غلط رگ کٹنے سے خون زیادہ بہہ گیا جس کے باعث مریضہ دم توڑ گئی۔ لواحقین کا الزام ہے کہ خون زیادہ بہنے پر آپریشن کرنے والا ناتجربہ کار ڈاکٹر خود بھی بے ہوش ہو کر گر گیا،جسے عملے نے مبینہ طور پر کیبن میں منتقل کیا،متوفیہ کے ورثاء نے بتایا کہ وہ بار بار لیڈی ڈاکٹر کو بلاتے رہے، تاہم مریضہ کی نازک حالت کے باوجود لیڈی ڈاکٹر موقع پر نہ پہنچی۔اور مریضہ کو دوسرے ہسپتال میں منتقل کر دیا،جب متعلقہ ٹیمیں ہسپتال پہنچیں تو ہسپتال انتظامیہ نے مبینہ طور پر سی سی ٹی وی کیمرہ کی ریکارڈنگ ڈیوائس میں تبدیل کر دی اور آپریشن سے متعلق ریکارڈ فراہم نہیں کیا،ضابطہ کی سنگین خلاف ورزیوں پر نجی ہسپتال کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے کہا کہ معاملے کی مکمل اور شفاف انکوائری کی جا رہی ہے اور متوفیہ کے ورثاء کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا،بعد ازاں اس افسوسناک واقعے کا وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سخت نوٹس لے لیا وزیرِاعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر ثاقب عزیز اور کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔