گوجرانوالہ میں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف سرکاری اور عوامی فلاحی اراضی پر مبینہ قبضے کا بڑا معاملہ سامنے آگیا۔ پولیس نے بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح گوگی، ان کے شوہر احسن جمیل، سابق لیگی ایم پی اے اقبال گجر سمیت 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ صدر گوجرانوالہ میں جی ڈی اے آفیسر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں دھوکہ دہی، جعلی دستاویزات تیار کرنے، فراڈ اور سرکاری ریکارڈ میں رد و بدل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں موجود عوامی جگہوں، پارکس، اسکول، قبرستان اور دیگر فلاحی مقامات پر مبینہ طور پر قبضہ کر کے شہریوں کو نقصان پہنچایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری زمین کو غیر قانونی طور پر سوسائٹی کا حصہ ظاہر کیا گیا۔
جی ڈی اے نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفاتر بھی سیل کر دیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق فرح گوگی اور ان کے شوہر اس سے قبل بھی متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب رہے ہیں، تاہم اس نئے مقدمے میں تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
پولیس اور جی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری اور عوامی اراضی پر کسی بھی قسم کا غیر قانونی قبضہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔