ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اٹک انیل سعید کی زیر صدارت شہر کی خوبصورتی (سٹی بیوٹیفکیشن) کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف آفیسر بلدیہ اٹک سردار آفتاب احمد خان، میونسپل آفیسر پلاننگ رضا الٰہی اور بلدیہ کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر میں پارکنگ کے مناسب انتظامات، مختلف مقامات پر معلوماتی و رہنمائی سائن بورڈز اور ڈائریکشن سائنز کی تنصیب، خواتین کے لیے ریڑھی بازار کے قیام، مقامی زبان میں سائن بورڈز لگانے اور شہر کی مجموعی خوبصورتی کو بہتر بنانے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی صرف ظاہری آرائش تک محدود نہیں بلکہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی، بہتر ٹریفک مینجمنٹ، واضح رہنمائی بورڈز اور منظم پارکنگ بھی اس کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے خواتین ریڑھی بازار کے قیام کو ایک مثبت اقدام قرار دیا۔بعد ازاں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اٹک انیل سعید نے چیف آفیسر بلدیہ اور دیگر افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور جاری و مجوزہ شہری خوبصورتی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایات جاری کیں کہ شہر کی خوبصورتی کے منصوبوں میں معیار، رفتار اور تسلسل کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیہ اٹک شہر کو صاف، منظم اور خوبصورت بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔