وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوام کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی اٹک نے ناقص گوشت کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1800 کلو مردہ مرغیوں سے بھری گاڑی پکڑ لی، جسے موقع پر تلف کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات اور طویل ریکی کے بعد عمل میں لائی گئی۔ مردہ مرغیوں کو ٹرانسپورٹ کرنے والی گاڑی اور ملزم دونوں کو پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ضبط کی گئی مردہ مرغیاں ہوٹلوں میں سپلائی کی جانی تھیں اور ان کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ صوبے بھر میں مردہ مرغیوں کے گوشت کی سپلائی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پہلے سے ذبح شدہ مرغیاں خریدنے سے گریز کریں اور اپنی موجودگی میں مرغی ذبح کروائیں۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر فوری رابطہ کریں۔