کوٹ مومن: کوٹ مومن کے علاقے لکسیاں میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران تھانہ لکسیاں کے ایس ایچ او رضوان شہید ہو گئے۔ واقعے کے بعد صہیب اشرف بھاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس کے مطابق کوٹ مومن کے علاقے لکسیاں سے 15 پر ڈکیتی کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر ایس ایچ او تھانہ لکسیاں رضوان فوری طور پر پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او رضوان شدید زخمی ہو گئے۔
زخمی ایس ایچ او کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
واقعے کے بعد فائرنگ کرنے والے ملزمان فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ ڈی پی او سرگودھا صہیب اشرف نے موقع پر پہنچ کر کارروائیوں کی خود نگرانی کی اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے۔
پولیس حکام کے مطابق شہید ایس ایچ او رضوان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔