تورغر: ضلع تورغر میں غیر قانونی درختوں کی کٹائی کے خلاف محکمہ جنگلات نے سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
محکمہ جنگلات کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سعید وزیر نے مچئی سر اکازئی فارسٹ بلاک کا اچانک دورہ کیا، جہاں معائنے کے دوران متعدد سنگین ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی۔

ابتدائی تحقیقات کے بعد غیر قانونی کٹائی میں غفلت اور مبینہ ملوث ہونے پر محکمہ جنگلات کے دو اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ غیر قانونی درختوں کی کٹائی میں ملوث افراد کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔
محکمہ جنگلات کے مطابق واقعے کی شفاف، غیر جانبدار اور جامع تحقیقات کا عمل جاری ہے تاکہ ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جا سکے۔
اس موقع پر ڈی ایف او سعید وزیر نے کہا کہ قدرتی وسائل کا تحفظ محکمہ جنگلات کی اولین ترجیح ہے اور جنگلات کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع تورغر میں جنگلات کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔