پاراچنار: ضلع کرم سے منتخب رکن قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی میں مجلس وحدت المسلمین کے پارلیمانی لیڈر انجنیر حمید حسین نے آج اسلام آباد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران انجنیر حمید حسین نے ضلع کرم میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والی خواتین کو درپیش مسائل سے پروگرام کی سربراہ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع کے دور دراز دیہاتوں میں ڈیجیٹلائزیشن کے باعث متعدد خواتین امدادی رقوم کی بروقت ترسیل سے محروم ہو رہی ہیں، جس کے نتیجے میں مستحق خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انجنیر حمید حسین نے اس صورتحال کے حل کے لیے ایک قابلِ عمل اور مؤثر میکانزم متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے ضلع کرم میں خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے دائرہ کار اور سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ مستحق خواتین کو ان کا حق بروقت مل سکے۔