کوہلو میں لیویز فورس کے پولیس میں انضمام کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوہلو کی ہدایت پر لیویز فورس کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات پولیس کے حوالے کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کوہلو کے مطابق صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں لیویز فورس کے اثاثہ جات کی پولیس کو شفاف اور منظم منتقلی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس عمل کے تحت لیویز تھانوں، چوکیوں، اسلحہ، گاڑیوں، وائرلیس سیٹس اور افرادی قوت کا لیویز اور پولیس حکام مشترکہ طور پر معائنہ کریں گے۔
اسسٹنٹ کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ کی سربراہی میں قائم کمیٹی لیویز فورس کے اثاثہ جات کی پولیس کو حوالگی کے تمام مراحل کی نگرانی کرے گی۔ دوسری جانب ایس پی کوہلو کی جانب سے بھی پولیس افسران پر مشتمل ایک علیحدہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ایس پی کوہلو محمد طیب اقبال کے مطابق ایس ڈی پی او کی سربراہی میں پولیس افسران لیویز فورس کے انضمام سے متعلق تمام انتظامی و عملی امور کی نگرانی کریں گے تاکہ منتقلی کا عمل شفاف، بروقت اور بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہو سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لیویز فورس کے پولیس میں انضمام سے ضلع میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
