گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تحصیل جنڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری اسکول میں طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ یہ لیپ ٹاپس ٹی ٹی گلوبل فاؤنڈیشن کے تعاون سے فراہم کیے گئے اور تحصیل جنڈ اور پنڈیگھیب کے نویں سے بارہویں جماعت کے طلبہ میں تقسیم کیے گئے۔
گورنر پنجاب نے اعلان کیا کہ آنے والے دو برسوں میں نویں سے بارہویں جماعت کے تمام سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو کمپیوٹر فراہم کیے جائیں گے۔ اس موقع پر جنڈ میں 400 لیپ ٹاپ مختلف ہائی اور ہائیر سکینڈری سکولز کے طلبہ میں تقسیم کیے گئے۔
اس کے علاوہ گورنر پنجاب نے اعلان کیا کہ جنڈ شہر کے سرکاری ہسپتال میں ڈائیلاسسز سنٹر کو 5 نئی مشینوں کے ساتھ فنکشنل کیا جائے گا اور زچہ بچہ سنٹر بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ گورنر نے یہ بھی وعدہ کیا کہ غریب بچیوں کی شادیوں کے لیے اجتماعی شادیاں کروائی جائیں گی اور اس مہینے 24 تاریخ کو 35 بیٹیوں کی شادیاں کروا کر انہیں جہیز اور کھانا فراہم کیا جائے گا۔
گورنر سردار سلیم حیدر خان نے اس موقع پر کہا کہ ان کا مقصد جنڈ اور پنڈیگھیب جیسے پسماندہ علاقوں کی ترقی ہے۔ انہوں نے سرکاری اسکولوں کے نظام کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ اپنے آئینی عہدے کو عوام کی خدمت کے لیے استعمال کرتے رہیں گے۔
تقریب میں ٹی ٹی گلوبل فاؤنڈیشن کے صدر، مقامی سیاسی نمائندے اور سی او ایجوکیشن سمیت اساتذہ اور طلبہ نے بھی شرکت کی۔