غیر قانونی شکار کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے تحت اسسٹنٹ کنزرویٹر وائلڈ لائف (ACWR) اٹک شاہزیب خورشید نے اپنی متحرک اور محنتی ٹیم کے ہمراہ جنگلی حیات کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں۔ رات گئے کیے گئے آپریشن کے دوران تیتر کے غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کو سینئر وائلڈ لائف رینجرز اٹک و حضرو اعظم شاہ اور ان کی ٹیم نے گرفتار کیا، جبکہ مقدمہ 2 لاکھ روپے جرمانے کے ساتھ موقع پر ہی نمٹا دیا گیا۔ دوسری جانب تحصیل فتح جنگ میں بھی تیتر کے غیر قانونی شکار اور سوشل میڈیا پر شکار کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے جرم میں 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، یہ کارروائی سینئر وائلڈ لائف رینجر فتح جنگ عطیہ نوشین اور ان کی ٹیم نے انجام دی۔ محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے دونوں کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا، جو محکمہ کی جنگلی حیات کے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور تحفظِ حیات کے لیے مضبوط عزم کی واضح عکاسی ہے۔ حکام کے مطابق یہ کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ نایاب پرندوں اور جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔