امریکی مشن پاکستان
امریکہ 2026 میں اپنی 250ویں سالگرہ کے قریب پہنچ رہا ہے تو یہ سنگِ میل صرف جشن کا موقع نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا لمحہ بھی ہے۔ 250 برس کا امریکہ قومی طاقت کی بحالی، جمہوری اداروں کی مضبوطی، معاشی ترقی کے فروغ اور حقیقت پسندی و باہمی احترام پر مبنی اصولی قیادت کے اعادہ کا پیغام ہے۔ اسی جذبے کے تحت میں پاکستان کے عوام اور حکومت کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ امریکہ پاکستان کو آنے والی دہائیوں کے لیے ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے۔
امریکی آئین، جو 1788 میں توثیق شدہ ہوا، نے اختیارات کی تقسیم اور توازن کا ایسا نظام قائم کیا جو آزادی کے تحفظ اور طاقت کے ارتکاز کو روکنے کے لیے بنایا گیا تھا۔ صدیوں کے دوران امریکی قوم نے خانہ جنگی سمیت بڑے چیلنجز کا سامنا کیا، مگر ہمارا نظام وقت کے ساتھ خود کو ڈھالتا اور مضبوط کرتا رہا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جمہوریت مستقل نگہداشت اور ذمہ داری کا تقاضا کرتی ہے۔پاکستان کا اپنا سفر، جو استقامت، اصلاحات اور قومی مفادات کے تحفظ سے عبارت ہے، انہی اصولوں سے ہم آہنگ ہے۔ مضبوط قومیں مضبوط شراکت دار بنتی ہیں۔ جس طرح امریکہ اپنے اداروں کی حفاظت کرتے ہوئے دیگر ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے، اسی طرح ہم پاکستان کے ساتھ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعاون چاہتے ہیں۔
شراکت داری کے ذریعے خوشحالی
امریکہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت کا حامل ملک ہے، جو جدت، کاروباری صلاحیت اور قانون کی حکمرانی پر قائم ہے۔ امریکی سفارت کاری منصفانہ اور باہمی تجارت کے فروغ اور ایسے اسٹریٹجک اشتراک پر زور دیتی ہے جو سپلائی چینز کو مضبوط بنائے، معاشی استحکام بڑھائے اور امریکیوں اور شراکت دار ممالک کے لیے مواقع پیدا کرے۔ یہ ترجیحات “فریڈم 250” ایجنڈا کا حصہ ہیں، جو امریکہ کے بانی نظریات کو مستقبل کی ایسی خارجہ پالیسی سے جوڑتا ہے جو خوشحالی، جدت اور پائیدار شراکت داری پر مبنی ہے۔جنوری 2025 سے امریکہ اور پاکستان کے درمیان معاشی روابط میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کے وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل نے وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا اور نتیجہ خیز شراکت داری کی توثیق کی۔ اہم معدنیات، کان کنی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں امریکی کمپنیوں اور پاکستانی اداروں کے درمیان معاہدے، جو امریکی مالیاتی سہولیات کی حمایت سے طے پائے، اس بات کی مثال ہیں کہ اسٹریٹجک سرمایہ کاری دونوں ممالک کے لیے روزگار، خوشحالی اور استحکام پیدا کر سکتی ہے۔
سلامتی خوشحالی کی بنیاد ہے۔ امریکہ خطرات کی روک تھام، علاقائی استحکام کے فروغ اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے والے شراکت داروں کی مدد کے لیے مضبوط صلاحیتیں رکھتا ہے۔ صدر ٹرمپ طویل عرصے سے اس بات پر زور دیتے آئے ہیں کہ طاقت امن کے لیے ضروری ہے، ان کے بقول: “ہمارا مقصد تصادم نہیں بلکہ استحکام ہے، اور ہماری طاقت ہی امن کو قائم رکھتی ہے۔”
امریکہ اور پاکستان دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ مفاد رکھتے ہیں۔ ہمارے انسدادِ دہشت گردی مکالمے نے خودمختاری کے احترام اور علاقائی استحکام کے فروغ کے ساتھ ان خطرات سے نمٹنے کے عزم کی توثیق کی ہے۔ سلامتی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں تعاون ہمارے شہریوں کے تحفظ کو مضبوط بناتا اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کو فروغ دیتا ہے۔
امریکہ ایک ایسی قوم ہے جس کی بنیاد تارکینِ وطن نے رکھی، مگر یہ قانون کی حکمرانی والی ریاست بھی ہے۔ انتظامیہ محفوظ سرحدوں، امیگریشن قوانین کے نفاذ اور ایسے قانونی امیگریشن نظام کے لیے پُرعزم ہے جو امریکی قومی مفادات کی خدمت کرے۔ وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے الفاظ میں: “ویزا ایک سہولت ہے، حق نہیں۔”
اسی کے ساتھ، پاکستانیوں اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی نے طب، سائنس، کاروبار اور سماجی زندگی میں مثبت کردار ادا کیا ہے، جس سے امریکی معاشرہ مضبوط ہوا اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ ملا۔ یہ متوازن حکمتِ عملی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ قانونی ہجرت مواقع، استحکام اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کا ذریعہ بنے۔
مستقبل کی جانب شراکت داری
امریکہ اپنی تیسری صدی میں اپنے اقدار پر اعتماد اور اپنے مقصد میں واضح عزم کے ساتھ داخل ہو رہا ہے۔ پاکستان کے ساتھ مل کر ہم ایک ایسی شراکت داری تشکیل دے رہے ہیں جو خودمختاری، طاقت اور مشترکہ خوشحالی و مواقع پر مبنی ہے۔ حالیہ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں اور معاہدے اس بات کی مثال ہیں کہ باہمی احترام، عملی نتائج اور ہم آہنگ معاشی و سلامتی مفادات تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔پاکستان کی استقامت، جدت اور اسٹریٹجک اہمیت ایک دیرپا تعاون کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔ اس تاریخی سالگرہ کے موقع پر امریکہ پاکستان کے ساتھ ایک مضبوط، باوقار اور مستقبل پر نظر رکھنے والے تعلقات کے عزم کا اعادہ کرتا ہے—ایسا تعلق جو امریکی ترجیحات کی عکاسی کرے، بانیانِ امریکہ کے وژن اور ورثے کو مجسم بنائے، اور آئندہ 250 برس تک سلامتی، خوشحالی اور قیادت فراہم کرتا رہے۔