وزیراعلیٰ پنجاب کے “دھی رانی” پروگرام کے تحت 112 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیاں، فی جوڑا دو لاکھ روپے مالی معاونت
اٹک ( ) طاہرہ اورنگزیب رکن قومی اسمبلی و سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فلاحی پروگرام “دھی رانی” صوبے کی بیٹیوں اور مستحق خاندانوں کے لیے ایک تاریخی اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کا یہ سلسلہ نہ صرف معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دے رہا ہے بلکہ کمزور طبقات کے لیے عملی سہارا بھی ثابت ہو رہا ہے۔
وہ اٹک میں وزیراعلیٰ پنجاب کے پروگرام “دھی رانی” کے تحت منعقدہ اجتماعی شادیوں کی پُروقار تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب میں 112 مستحق جوڑوں کو اجتماعی طور پر رخصت کیا گیا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے فی جوڑا دو لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کی گئی، جس پر مستفید خاندانوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں شیخ آفتاب احمد، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان، چیئرمین واسا و ایم پی اے چوہدری شیر علی خان، کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر طارق قریشی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سردار مورا ہن خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ نوشین اسرار، اسسٹنٹ کمشنر اٹک عارف قریشی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک حمید اکبر، سابق رکن صوبائی اسمبلی افتخار احمد خان، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) سلیم شہزاد، سینیئر نائب صدر میر نوید اختر، سینیئر نائب صدر راولپنڈی جاوید مغل، رکن قومی اسمبلی ملک سہیل خان کے نمائندے ملک ندیم خان، ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رانا شاہد، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حسیب خالد، مینیجر صنعت زار عارف محمود صدیقی اور خاتون رہنما خالدہ رعنا سمیت معززین نے شرکت کی۔
مہمانِ خصوصی طاہرہ اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ “دھی رانی” پروگرام معاشرے کے نادار اور سفید پوش طبقات کے لیے امید کی کرن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عملی اقدامات کر رہی ہیں اور مستحق بیٹیوں کی باعزت رخصتی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجتماعی شادیوں کے اس پروگرام سے نہ صرف مالی بوجھ کم ہوتا ہے بلکہ معاشرتی یکجہتی کو بھی فروغ ملتا ہے۔ حکومت پنجاب آئندہ بھی ایسے فلاحی منصوبوں کا دائرہ کار وسیع کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان مستفید ہو سکیں۔
تقریب کے اختتام پر تمام جوڑوں اور مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا جبکہ اجتماعی گروپ فوٹوز بھی بنوائی گئیں۔ شرکاء نے اس کامیاب اور منظم تقریب کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ اٹک اور محکمہ سوشل ویلفیئر کی کاوشوں کو سراہا۔
