درگئی / پاراچنار:
ملک بھر میں 8 فروری کی شٹر ڈاؤن پہیہ جام ہڑتال کے سلسلے میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ درگئی میں سابق معاونِ خصوصی اور رکنِ صوبائی اسمبلی پیر مصور خان کی قیادت میں درگئی مین بازار میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں پاکستان تحریکِ انصاف کے قائدین، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے اور پرامن انداز میں یکجہتی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب کرم کے علاقے پاراچنار میں سانحہ ترلائی اسلام آباد کے خلاف اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کے حوالے سے مجلس وحدت المسلمین ضلع کرم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے زیرِ اہتمام پریس کلب پاراچنار کے سامنے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے حمید حسین، سید ریاض حسین میاں، سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی سید نجات حسین، منیجر (ر) حبیب علی، تحریک حسینی کے صدر حاجی یونس علی اور دیگر مقررین نے ترلائی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مقررین نے ملک میں جاری بدامنی اور بم دھماکوں کو حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر عمران خان کی فوری رہائی اور تمام مبینہ بوگس مقدمات کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
احتجاج کے اختتام پر سانحہ ترلائی کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ملک میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔