Screenshot

اسلام آباد میں بغیر رجسٹریشن آن لائن ٹیکسی اور بائکیا سروسز چلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے شہر میں کام کرنے والی تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کی باضابطہ رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق رجسٹریشن کے عمل کے تحت تمام ڈرائیورز اور گاڑیوں کا مکمل ڈیٹا جمع کیا جائے گا تاکہ شہریوں کے تحفظ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس ضمن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کے سی ای اوز سے فوری رابطہ کریں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو غیر رجسٹرڈ بائکیا چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ حکام کے مطابق تمام غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور بائکیا سروسز کی رجسٹریشن ڈیجیٹل آٹومیشن سسٹم کے تحت کی جائے گی۔

ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ نئی رجسٹریشن ایپ پر اسلام آباد پولیس کو بھی مکمل ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی، جس سے سیکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔

رجسٹریشن کے بعد ڈرائیورز کے لیے لازم ہوگا کہ وہ مسافروں کی تفصیلات ایپ پر اپ لوڈ کریں۔ مسافر کے شناختی کارڈ نمبر کے اندراج کے بغیر کسی بھی ڈرائیور کو سواری لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر کل سے باضابطہ رجسٹریشن کے عمل کا آغاز کر دیا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

By Syed Inam Ali Kazmi

میرا نام سید انعام علی کاظمی صحافتی میدان میں 2003 سے منسلک ہوں میں نے مختلف اخبارات کے ساتھ کام کیا اور گزشتہ 17-18 سال سے پاکستان کے ایک بڑے سرکاری ٹی وی چینل سے منسلک ہوں میرےتجربے میں مختلف موضوعات پر نیوز رپورٹنگ، بے شمار رپورٹس کی تیاری، اور پاکستان کی معروف سیاسی شخصیات کے انٹرویوز شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف موضوعات پر عوامی رائے اور معاشرتی مسائل پر ولاگ بناتا ہوں اور اپنا یوٹیوب چینل "انعام کاظمی ولاگ" اور ایک ٹک ٹاک اکاونٹ بھی ہے جہاں میں دلچسپ مواد شیئر کرتا ہوں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *