سیالکوٹ:

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے سیالکوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی دو منزلہ نئی عدالتی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر امجد اقبال رانجھا (رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ) بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

چیف جسٹس کی آمد پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سیالکوٹ ندیم طاہر سید، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور قائم مقام ڈی پی او حسیب راجہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستے نے چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینئر سول ججز، سول ججز سمیت ضلعی عدلیہ کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ممبران پنجاب بار کونسل رضا سبحانی اور حسن سرفراز بھلی، سابق رکن پنجاب بار کونسل شمشاد احمد باجوہ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے عہدیداران سعید احمد بھلی اور دیگر سینئر وکلاء بھی تقریب میں موجود تھے۔

چیف جسٹس کو نئی تعمیر شدہ عدالتی عمارت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کے بعد انہوں نے عمارت کا معائنہ بھی کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی یہ دو منزلہ عمارت 12 کنال 8 مرلہ اراضی پر تعمیر کی گئی ہے، جس پر 259.6 ملین روپے لاگت آئی۔ عمارت میں جدید عدالتی کمروں کے ساتھ ڈے کیئر سینٹر، آلٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریزولیوشن (ADR) سینٹر اور ڈسپنسری کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ عمارت کا سنگ بنیاد سال 2022 میں رکھا گیا تھا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ عدلیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید عدالتی سہولیات کی فراہمی سے عام شہری کو فوری اور مؤثر انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت اور دہلیز پر انصاف کی فراہمی عدلیہ کا بنیادی مشن ہے، جبکہ انصاف میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں، اسی لیے عدالتی اصلاحات ناگزیر ہیں۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ضلعی عدلیہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ عام آدمی کا عدلیہ پر اعتماد بحال کیا جا سکے، جو عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

By Syed Inam Ali Kazmi

میرا نام سید انعام علی کاظمی صحافتی میدان میں 2003 سے منسلک ہوں میں نے مختلف اخبارات کے ساتھ کام کیا اور گزشتہ 17-18 سال سے پاکستان کے ایک بڑے سرکاری ٹی وی چینل سے منسلک ہوں میرےتجربے میں مختلف موضوعات پر نیوز رپورٹنگ، بے شمار رپورٹس کی تیاری، اور پاکستان کی معروف سیاسی شخصیات کے انٹرویوز شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف موضوعات پر عوامی رائے اور معاشرتی مسائل پر ولاگ بناتا ہوں اور اپنا یوٹیوب چینل "انعام کاظمی ولاگ" اور ایک ٹک ٹاک اکاونٹ بھی ہے جہاں میں دلچسپ مواد شیئر کرتا ہوں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *