بدین
سندھ کے عظیم صوفی شاعر، مفکر اور روحانی بزرگ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے محکمۂ تعلیم ضلع بدین کی جانب سے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر کے آڈیٹوریم ہال میں “لطیف شناسی ہفتہ” نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
تقریب کے دوران ضلع بدین کے مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے کلام، وائی، خطاطی، ڈرائنگ، سوال و جواب اور سندھی، اردو و انگریزی تقاریر کے مقابلوں میں بھرپور شرکت کی۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری انور پارابی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، اسسٹنٹ اسپورٹس آفیسر عبدالرزاق خاصخیلی، ٹی ای او عبدالفتاح جونیجو، محکمۂ تعلیم ضلع بدین کے فوکل پرسن محمد خان سموں، زینب سموں اور دیگر مقررین نے کہا کہ آج ہم سندھ کے عظیم شاعر، محبت، فکر، انسان دوستی اور روحانی شناخت کے علمبردار حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے فکر و پیغام کو اجاگر کرنے کے لیے لطیف شناسی ہفتہ منا رہے ہیں، جو ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے۔
مقررین نے کہا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ صرف سندھ کے شاعر نہیں تھے بلکہ وہ سندھ کی تہذیب، ثقافت، صبر، مزاحمت، رواداری اور انسانیت کی توانا آواز تھے۔ ان کی شاعری محبت، امن، ہم آہنگی، قربانی اور حق کے راستے پر چلنے کا درس دیتی ہے، جو آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لطیف شناسی ہفتہ منانے کا مقصد نوجوان نسل کو شاہ سائیں کے فکر، فلسفے اور پیغام سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ اپنی تاریخ، زبان، ثقافت اور قومی شناخت پر فخر کر سکیں۔ شاہ سائیں کی شاعری یہ پیغام دیتی ہے کہ انسان ذات، رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہے اور اصل عظمت محبت اور خدمت میں ہے۔
آخر میں مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے فکر کو صرف کتابوں تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ معاشرے سے نفرت، تعصب اور ناانصافی کا خاتمہ ہو اور امن، بھائی چارے اور بھلائی کو فروغ دیا جا سکے۔
تقریب میں ٹی ای او یونس راہموں، ٹی ای او شیر محمد، ٹی ای او محمد یوسف، ٹی ای او یاسین احمد کنبھار، ایچ ایس ٹی سیدہ مکل شاہ سمیت اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔