ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) انیل سعید کی زیر نگرانی نقدی کے بغیر معیشت (Cashless Economy) کے فروغ اور آگاہی کے لیے ایک اہم سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد عوام کو ڈیجیٹل ادائیگی کے جدید نظام سے روشناس کرانا اور روزمرہ لین دین میں کیو آر کوڈ کے استعمال کو فروغ دینا تھا۔
سیمینار میں زندگی ایپ اور مختلف نجی بینکوں کے نمائندگان نے شرکت کی، جنہوں نے ڈیجیٹل ادائیگی، آن لائن بینکاری اور محفوظ مالی لین دین کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ضلع کونسل اور مختلف جامعات کے طلبہ و طالبات نے بھی بھرپور شرکت کی۔ شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے کے لیے ماہ اگست میں ایک خصوصی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا، جس کا مقصد عوام کو نقدی کے بغیر معیشت اپنانے کی ترغیب دینا ہے تاکہ کیش کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔
مقررین نے نقدی کے بغیر معیشت کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل لین دین نہ صرف آسان، محفوظ اور شفاف ہے بلکہ اس سے معاشی نظام کو مضبوط بنانے، بدعنوانی کے خاتمے اور وقت کی بچت میں بھی مدد ملتی ہے۔
سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی آگاہی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ جدید اور محفوظ ڈیجیٹل مالی نظام سے مستفید ہو سکیں۔