سانحہ گل پلازہ کراچی کے افسوسناک واقعہ کے تناظر میں اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع اٹک میں ایمرجنسی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اٹک انیل سعید، ضلعی ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر میاں اشفاق، ایکسین بلڈنگز محمد عمران، میونسپل آفیسر پلاننگ رضا الٰہی، سوئی گیس اور واپڈا کے نمائندگان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سانحہ گل پلازہ کراچی سے حاصل ہونے والے اسباق کی روشنی میں ضلع بھر کی تمام سرکاری اور کاروباری عمارات کا جامع سیفٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر اٹک نےواضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں تمام سرکاری و تجارتی عمارات میں فائر آئیڈرنٹس اور فائر ایکسٹنگوشرز کی تنصیب کو لازمی قرار دیتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ متعلقہ محکمے فوری طور پر اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ سوئی گیس اور واپڈا کے عملے کو ہدایت کی گئی کہ وہ ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کے ساتھ مل کر گیس اور بجلی سے متعلق حفاظتی پہلوؤں کا تفصیلی معائنہ کریں اور ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے بروقت تدارکی اقدامات کریں۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ضلع بھر کی تمام سرکاری اور کاروباری عمارات کا حفاظتی آڈٹ مکمل ہونے کے بعد تین ماہ کے اندر دوبارہ فالو اپ حفاظتی معائنہ کرایا جائے گا تاکہ کیے گئے اقدامات کی مؤثریت کا جائزہ لیا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ کمی کو بروقت دور کیا جا سکے۔مزید برآں فیصلہ کیا گیا کہ تحصیل کی سطح پر بھی تحصیل ایمرجنسی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جو متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں اسی طرز کی حفاظتی مشقیں کریں گی اور اپنی رپورٹس ضلعی انتظامیہ کو پیش کریں گی۔ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطہ اور تعاون سے کام کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائیں۔