اسلام آباد .ڈی جی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی رفعت مختار راجہ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی سے متعلق ہدایات جاری کیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر روزانہ 94 بین الاقوامی پروازوں کی ہینڈلنگ کی جاتی ہے جبکہ یومیہ 10 ہزار سے زائد بین الاقوامی مسافروں کی امیگریشن کلیئرنس مکمل کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق 13 جنوری کو ایک گھنٹے کے دوران 2,400 مسافروں کی کلیئرنس کی گئی۔

ڈی جی ایف آئی اے کو آگاہ کیا گیا کہ مصروف اوقات میں پروازوں کی بیک وقت آمد کے باعث عارضی ہجوم کی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔ اسلام آباد ائرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن تین شفٹوں میں کام کر رہی ہے، جہاں روانگی کے لیے 15 اور آمد کے لیے 13 امیگریشن کاؤنٹرز فعال ہیں۔ موسمی حالات اور تکنیکی خرابیوں کے باعث پروازوں میں تاخیر بھی ہجوم میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔

اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ نے مسافروں کو بہترین امیگریشن سروس کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے مسافروں کے لیے کیو مینجمنٹ سسٹم کی تنصیب اور مرحلہ وار ای گیٹس کے نفاذ پر اتفاق کیا۔ مزید برآں، مسافروں کی رہنمائی کے لیے کیو اسٹاف کی تعیناتی اور تیز ترین امیگریشن کلیئرنس کے لیے پری ڈیپارچر ایپ جلد متعارف کرانے کی ہدایت بھی دی گئی۔

ڈی جی ایف آئی اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امیگریشن کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے مسافروں کو سہل، تیز اور باوقار خدمات فراہم کی جائیں گی۔

By Syed Inam Ali Kazmi

میرا نام سید انعام علی کاظمی صحافتی میدان میں 2003 سے منسلک ہوں میں نے مختلف اخبارات کے ساتھ کام کیا اور گزشتہ 17-18 سال سے پاکستان کے ایک بڑے سرکاری ٹی وی چینل سے منسلک ہوں میرےتجربے میں مختلف موضوعات پر نیوز رپورٹنگ، بے شمار رپورٹس کی تیاری، اور پاکستان کی معروف سیاسی شخصیات کے انٹرویوز شامل ہیں۔ میرا تعلق ایک پڑھے لکھے خاندان سے ہے میرے والد پاکستان آرمی کے ریٹائرڈ میجر ہیں، اور والدہ بھی بہت زیادہ تعلیم یافتہ تھیں۔ علاوہ ازیں، میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف موضوعات پر عوامی رائے اور معاشرتی مسائل پر ولاگ بناتا ہوں اور اپنا یوٹیوب چینل "انعام کاظمی ولاگ" اور ایک ٹک ٹاک اکاونٹ بھی ہے جہاں میں دلچسپ مواد شیئر کرتا ہوں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *