سردار موارہن خان کی زیر نگرانی اٹک پولیس کی جانب سے پولیس لائن اٹک میں تھلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت منعقدہ اس کیمپ میں پولیس افسران اور جوانوں نے بڑھ چڑھ کر رضاکارانہ طور پر خون کے عطیات دیے تاکہ تھلیسیمیا کے مریض بچوں کی جان بچانے میں عملی مدد فراہم کی جا سکے۔ کیمپ کے دوران طبی عملے نے خون کے عطیات کو محفوظ طریقے سے جمع کرنے کے انتظامات کیے۔

اس موقع پر ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان نے کہا کہ انسانیت کی خدمت پولیس کی اولین ترجیح ہے اور تھلیسیمیا جیسے موذی مرض میں مبتلا معصوم بچوں کے لیے خون کا عطیہ دینا ایک عظیم نیکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹک پولیس اپنی معاشرتی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔
ڈی پی او نے پولیس افسران و جوانوں کے جذبۂ خدمت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کے لیے پولیس ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔