اوکاڑہ: شاہبور پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 44 ٹو ایل کے علاقے میں خاتون کو زہریلا کیمیکل پلانے کے سنگین واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون ارشاد بی بی کو اس کے شوہر نے مبینہ طور پر باتھ روم کلینر کیمیکل پلایا۔ ابتدائی تفتیش میں واقعہ گھریلو تنازع کا شاخسانہ بتایا جا رہا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کے بعد شاہبور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کے شوہر اور ساس کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں مزید قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
ادھر ڈی پی او اوکاڑہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کیس کو حقائق اور میرٹ پر حل کیا جائے گا اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔
متاثرہ خاتون کے والد امانت علی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے تفتیش مکمل ہونے کے بعد کیس کو مضبوط شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔