Photo by https://ur.wikipedia.org/

چارسدہ: آٹا ڈیلر ایسوسی ایشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری ایاز خان نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ چارسدہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

ایاز خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے سرکاری گوداموں میں اس وقت 27 لاکھ بوری گندم موجود ہے، تاہم اس کے باوجود گندم خراب ہو رہی ہے اور فلور ملز کو ریلیز نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت فوری طور پر ملز کو گندم فراہم کرے تاکہ آٹے کی قیمتوں میں کمی لائی جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں گندم کا وافر اسٹاک موجود ہونے کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں اضافہ نہایت تشویشناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 20 کلو آٹا 1800 روپے میں دستیاب ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں یہی آٹا 3000 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جو دوہرا معیار ہے۔

ایاز خان نے مزید کہا کہ پنجاب سے خیبر پختونخوا آٹے کی ترسیل پر پابندی عائد ہے، جس کے باعث صوبے میں بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ “ایک ہی پاکستان میں دو قانون نافذ ہیں، جس سے ہمارا کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے”، انہوں نے کہا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ گندم کی بوری کی قیمت 13 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے جبکہ 100 کلو گندم کی قیمت خیبر پختونخوا میں 10 ہزار، سندھ میں 8 ہزار اور پنجاب میں 7 ہزار روپے ہے۔ ان کے مطابق اس صورتحال کے باعث کاروباری افراد مجبوری میں آٹا اور گندم اسمگل کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

ایاز خان نے خبردار کیا کہ اگر حالات یہی رہے تو آٹا مزید مہنگا ہو جائے گا، جس کے نتیجے میں روٹی اور بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پاس محکمہ خوراک کے مسائل سننے کے لیے وقت نہیں۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ “دہشت گردی کے باعث لوگ تیراہ سے دوسرے اضلاع کا رخ کر سکتے ہیں، مگر اگر بھوک بڑھی تو عوام کہاں جائیں گے؟”

By Syed Inam Ali Kazmi

میرا نام سید انعام علی کاظمی صحافتی میدان میں 2003 سے منسلک ہوں میں نے مختلف اخبارات کے ساتھ کام کیا اور گزشتہ 17-18 سال سے پاکستان کے ایک بڑے سرکاری ٹی وی چینل سے منسلک ہوں میرےتجربے میں مختلف موضوعات پر نیوز رپورٹنگ، بے شمار رپورٹس کی تیاری، اور پاکستان کی معروف سیاسی شخصیات کے انٹرویوز شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف موضوعات پر عوامی رائے اور معاشرتی مسائل پر ولاگ بناتا ہوں اور اپنا یوٹیوب چینل "انعام کاظمی ولاگ" اور ایک ٹک ٹاک اکاونٹ بھی ہے جہاں میں دلچسپ مواد شیئر کرتا ہوں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *