شور کوٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انقلابی اقدام کے تحت مساجد کے امام صاحبان میں فی کس 25 ہزار روپے کے پے آرڈرز تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر شور کوٹ صدف اکبر، سابق ایم پی اے چوہدری خالد غنی شریک ہوئے۔ اس موقع پر تحصیلدار راؤ شکیل، سی او میونسپل کمیٹی توصیف الرحمان، ممبر امن کمیٹی رائے ایاز اکبر سمیت تحصیل بھر سے بڑی تعداد میں امام صاحبان بھی موجود تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے بتایا کہ شور کوٹ تحصیل کی مساجد کے تقریباً 465 امام صاحبان کو حکومت کی جانب سے مالی معاونت کے پے آرڈرز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ پہلے مرحلے میں آج 266 امام صاحبان کو پے آرڈرز دیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا یہ اقدام ایک بڑا اور تاریخی فیصلہ ہے جس سے امام صاحبان مالی طور پر مستحکم ہوں گے۔ مالی معاونت سے امام صاحبان کے لیے دینی خدمات انجام دینا مزید آسان ہو جائے گا اور وہ یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے سکیں گے۔
شرکاء نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے مساجد کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور معاشرے میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے
