میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیا سال ہمیشہ نئی امیدوں اور نئے مقاصد کے حصول کے لیے ایک روڈ میپ فراہم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اولڈ ایج مسکن نادار اور بے سہارا بزرگوں کے لیے ایک محفوظ آشیانہ ہے اور یہاں مقیم بزرگ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزرگوں کا اپنوں سے رشتہ منقطع ہونا لمحۂ فکریہ ہے، تاہم ایسے افراد کے لیے اولڈ ایج مسکن ایک سہارا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے نوجوان نسل کی تربیت کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط اور باکردار نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے پاکستان سپر لیگ میں سیالکوٹ کی ٹیم کی شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہرِ اقبال کے لیے اعزاز کی بات ہے اور سیالکوٹ کی ٹیم شائقین کو مایوس نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں شامل کھلاڑی پہلے ہی اپنے ٹیلنٹ کو نکھار رہے ہیں اور کھیلوں کے میدان سے شروع ہونے والا ترقی کا سفر ملکی معیشت میں بھی مثبت کردار ادا کرے گا۔

سابق وفاقی وزیر نے سیالکوٹ کے نجی ائیر لائن، نجی ائیرپورٹ اور ڈرائی پورٹ کو دنیا میں مثال قرار دیا۔ پاک فوج سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہے اور ملک کے عدم استحکام کی کوششوں کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور بیرونی ایجنڈے کے تحت ملک میں انتشار پھیلانے والوں کو شکست ہوگی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز میں امن و استحکام کے لیے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے اور مثبت صحافت ہی ملک کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

By Syed Inam Ali Kazmi

میرا نام سید انعام علی کاظمی صحافتی میدان میں 2003 سے منسلک ہوں میں نے مختلف اخبارات کے ساتھ کام کیا اور گزشتہ 17-18 سال سے پاکستان کے ایک بڑے سرکاری ٹی وی چینل سے منسلک ہوں میرےتجربے میں مختلف موضوعات پر نیوز رپورٹنگ، بے شمار رپورٹس کی تیاری، اور پاکستان کی معروف سیاسی شخصیات کے انٹرویوز شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف موضوعات پر عوامی رائے اور معاشرتی مسائل پر ولاگ بناتا ہوں اور اپنا یوٹیوب چینل "انعام کاظمی ولاگ" اور ایک ٹک ٹاک اکاونٹ بھی ہے جہاں میں دلچسپ مواد شیئر کرتا ہوں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *