خانیوال میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن تیزی سے جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پیرا فورس نے رات گئے شدید سرد موسم کے باوجود مختلف مقامات پر اچانک کارروائیاں کرتے ہوئے گندم کے غیر قانونی ذخائر کی نشاندہی کی اور اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کی نگرانی مزید سخت کر دی۔ ترجمان پیرا کے مطابق ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں اور بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ عوام کو گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور کسی بھی ممکنہ مصنوعی بحران کا خاتمہ کیا جا سکے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ کوئی بھی بااثر فرد یا ادارہ قانون سے بالاتر نہیں اور عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، کیونکہ گندم جیسے بنیادی غذائی اجناس میں ہیرا پھیری عوام دشمن عمل ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پیرا فورس اس سلسلے میں پوری طرح متحرک ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں یہ کارروائیاں آنے والے دنوں میں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ صوبے میں گندم کی دستیابی برقرار رہے اور عوام کو کسی بھی قسم کی قلت یا بحران کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایف آئی آرز کے اندراج، ذخائر کی ضبطگی اور ملوث ایجنٹس کے خلاف قانونی شکنجہ مزید سخت کیا جا رہا ہے جبکہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزی یا اسمگلنگ سے متعلق کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ پیرا حکام نے عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب بھر میں غذائی تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات کو پوری طاقت سے نافذ کیا جائے گا اور عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔