ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اٹک نے موسمِ سرما کی تعطیلات کے حوالے سے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (PEF) کے تحت چلنے والے ایک اسکول کے خلاف سخت نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی سفارش کر دی ہے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (M-EE)، تحصیل حسن ابدال کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق 08 جنوری 2025 کو گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول بھوئی گڑھ (جو پیف کے تحت آؤٹ سورس ہے) کا اچانک معائنہ کیا گیا۔ معائنے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اسکول کھلا ہوا تھا، اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف موجود تھے جبکہ طلبہ سے باقاعدہ تدریسی سرگرمیاں جاری تھیں، حالانکہ اس دوران حکومتِ پنجاب کی جانب سے موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا جا چکا تھا۔
یہ اقدام اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، حکومتِ پنجاب کی واضح ہدایات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ شدید سردی کے موسم میں ننھے بچوں کو اسکول بلانا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ عمل ہے بلکہ بچوں کی صحت اور حفاظت سے بھی سنگین غفلت کے مترادف ہے۔
سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد اظہر نے اس خلاف ورزی کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے متعلقہ پیف اسکول کا لائسنس منسوخ کرنے کی سفارش پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو ارسال کر دی ہے تاکہ آئندہ حکومتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اٹک نے واضح کیا ہے کہ بچوں کی جان و صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔