مری میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے خوراک سلمیٰ بٹ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر اچانک دورہ کیا اور سیاحوں کے بڑھتے رش کے پیش نظر فوڈ سیفٹی اور معیار کا خصوصی جائزہ لیا۔ چند روز قبل مری میں سیاحوں کی غیر معمولی آمد کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں سلمیٰ بٹ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران کے ہمراہ مال روڈ پر قائم مختلف فوڈ اینڈ ریفریشمنٹ پوائنٹس پر اچانک چھاپے مارے، جہاں متعدد مقامات پر خوراک کے معیار اور صفائی کے ناقص انتظامات سامنے آئے۔ کارروائی کے دوران غیر معیاری اور ناقص خوراک کی فروخت پر سخت ایکشن لیتے ہوئے تین فوڈ پوائنٹس کو فوری طور پر سیل اور بند کر دیا گیا، جبکہ موقع پر موجود 110 کلو گھی، ایک من چائنیز نمک (چائنہ سالٹ) اور چار من سے زائد غیر معیاری اچار تلف کر دیا گیا۔ معاون خصوصی نے واضح کیا کہ مری میں آنے والے ملک بھر کے سیاحوں کو معیاری خوراک اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے، جو وزیر اعلیٰ مریم نواز کے “صاف ستھرا پنجاب وژن” کا عملی اظہار بھی ہے۔ سلمیٰ بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ فوڈ پوائنٹس کی مسلسل نگرانی یقینی بنائے تاکہ شہری اور سیاح مضر صحت خوراک سے محفوظ رہ سکیں، اور مری جیسے سیاحتی مقام پر بہترین انتظامات برقرار رکھے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی صحت کے معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور غیر معیاری خوراک بیچنے والوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات سیاحوں کی صحت، تحفظ اور مری کے مثبت تشخص کو برقرار رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں، جبکہ شہریوں اور سیاحوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مضر صحت خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی فوری اطلاع فوڈ اتھارٹی کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔