سیالکوٹ ائرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر بیرونِ ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ حکام کے مطابق دو مسافروں، عامر جمیل اور کاشف علی، جو قصور کے رہائشی ہیں، نے فلائٹ نمبر EK-629 کے ذریعے ورک ویزہ پر سائپرس جانے کی کوشش کی، تاہم چیکنگ کے دوران ان کے پاسپورٹس پر سائپرس کے جعلی ویزے لگے ہونے کا انکشاف ہوا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دونوں مسافروں نے بیرونِ ملک سفر کے لیے عامر نامی ایک ایجنٹ سے رابطہ کیا تھا، جس سے انہوں نے فی کس 18 لاکھ روپے کے عوض یہ جعلی ویزے حاصل کیے، مجموعی طور پر ایجنٹ کو 36 لاکھ روپے ادا کیے گئے جبکہ فی مسافر غیر قانونی ویزے کے حصول کے لیے 18 لاکھ روپے کی خطیر رقم ادا کی گئی۔ ایف آئی اے امیگریشن نے دونوں مسافروں کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ کی نشاندہی کے لیے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل سیالکوٹ کے حوالے کر دیا ہے، جہاں ملزم ایجنٹ کی گرفتاری اور نیٹ ورک تک رسائی کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بیرونِ ملک سفر کے لیے صرف قانونی ذرائع اختیار کیے جائیں اور کسی بھی غیر مصدقہ ایجنٹ یا مشکوک ویزہ سروس سے گریز کیا جائے، کیونکہ انسانی اسمگلنگ اور جعلی دستاویزات کے استعمال میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ ایف آئی اے حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر کے ائرپورٹس پر امیگریشن عملے کی نگرانی مزید سخت کی جائے گی تاکہ ایسے غیر قانونی اور منظم جرائم کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔